مولانافضل الرحمان پرتنقید،ڈسپلن کی خلاف ورزی، جے یو آئی کے 4 رہنما پارٹی سے فارغ

جمعیت علمائے اسلام کی ڈسپلنری کمیٹی نے قیادت پر تنقید، پارٹی پالیسی سے انحراف اورڈسپلن کی خلاف ورزی پر مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حسین احمد سمیت چار رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا۔

جمعیت علماء اسلام کی پارٹی ڈسپلنری کمیٹی کی جانب سے پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے چار اراکین سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آ گیا ہے، کمیٹی نے مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حسین احمد، مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔

چاروں رہنمائوں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر پارٹی سے نکالا گیا، ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ سائیں عبدالقیوم ہالیجوی کی ہدایت پر پارٹی جلد چاروں رہنماؤں کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی

جے یو آئی کی ڈسپلنری کمیٹی کے اراکین آغاء ایوب شاہ، مولانا عبدالواسع، مولاناعبدالحکیم اکبری سمیت دیگر نے پارٹی پالیسی، قیادت کے خلاف تنقید پر چاروں رہنماؤں کو فارغ کرنے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا، ان رہنمائوں کے ساتھ جو پارٹی رہنما پارٹی جماعت کے پروگراموں میں شرکت کریں گے ان کی رکنیت ختم بھی ختم کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ مولانا محمد خان شیرانی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے ان پر سخت الزامات عائد کیے تھے اور کہا تھا کہ انہیں مولانا فضل الرحمان سے بنیادی اختلاف جھوٹ بولنے پر ہے، مولانا فضل الرحمان نے بیشتر پارٹی رہنماؤں اور علماء کو بھی جھوٹ بولنے پر مجبور کردیا ہے۔

Comments are closed.