افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر یکے بعد دیگرے تین دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے جب کہ امریکی فوجیوں سمیت 158 افراد زخمی ہیں۔
امریکی و افغان حکام کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے باہر خودکش بم دھماکے کیے گئے، جس کے نتیجے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 100 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 158 افراد زخمی ہیں، جن میں 15 امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر جس جگہ دھماکے ہوئے وہ امریکی فورسز کے کنٹرول میں تھی، افغان عوام فکر مند نہ ہوں، طالبان اپنے عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کابل کے شہریوں نے رات کو جن دھماکوں کی آوازیں سنیں وہ امریکی فوج نے ایئرپورٹ کے اندر کیے تھے جن کا مقصد اپنا سازوسامان تباہ کرنا تھا۔
Comments are closed.