بابراعظم،محمد رضوان اورعبداللہ شفیق نے کراچی ٹیسٹ بچالیا

  کراچی : پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔ کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق نے کراچی ٹیسٹ بچالیا۔

 کپتان بابر اعظم چوتھی اننگز میں 607 منٹ کریز پر جمے رہے اور پاکستان کی یقینی ہار کو ٹال دیا۔ بابر اعظم نے 196 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،وہ 4 رنز کے فرق سے ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے۔ وہ آسٹریلیاکے خلاف سب سے بڑی چوتھی اننگز کھیلنے والے کپتان بھی بن گئے ۔ نائب کپتان محمد رضوان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ اور 104 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے ۔ نوجوان اوپنر عبد اللہ شفیق 96 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔

کھیل کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو جیت کیلئے 314 رنز جبکہ آسٹریلیا کو 8 وکٹیں درکار تھے۔ پاکستان نے پانچویں روز اننگز کا آغاز 192 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر کیا، اوپنر عبداللہ شفیق نروس نائنٹی کا شکار ہوکر 96 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹ کے پیچھے اسٹیو اسمتھ کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ فواد عالم کو 9 رنز پر پیٹ کمنز نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان ٹیم 7 وکٹوں پر 443 رنز بناسکی، آسٹریلیا نے پاکستان کو 506 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیاتھا۔ تین میچز کی سیریز اب تک 0-0 سے برابر ہے۔میچ کی دوسری اننگز میں امام الحق 1، اظہر علی 6، فواد عالمی 9، فہیم اشرف 0 جبکہ ساجد خان 9 رنز بناسکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نتھین لائن نے 4، پیٹ کمنز نے دو جبکہ کیمرون گرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments are closed.