بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام برسلز میں یورپی وزارت خارجہ کے مرکزی دفتر کے سامنے ایک روزہ احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔
مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف ایک روزہ احتجاجی کیمپ میں یورپی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا گیا، احتجاجی کیمپ کے اختتام پرکشمیر کونسل ای یوکے چیئرمین علی رضا سید کی قیادت میں ایک وفد نے یورپی وزارت خارجہ کے جنوبی ایشیا سے متعلق امور کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور ایک مراسلہ ان کے حوالے کیا۔
مراسلے میں کہاگیا ہے کہ یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات رکوانے ،کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل عام بند کرانے ، کشمیری قیدیوں کی رہائی اور کالے قوانین کے خاتمے کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ وفد نے یورپی عہدیداروں کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
سرینگر سے انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن انتو نے احتجاجی کیمپ کے شرکا سے خطاب کیااور انہیںکشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکام مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کرنے کشمیریوںاوران کے رشتہ داروں کو نوکریوں سے نکال رہے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا سخت نوٹس لے اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچائے۔
علی رضا سید نے کہاکہ احتجاجی کیمپ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرنا اور ان مظلوموں کی آواز کوعالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم نریندر مودی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے پہلے دنیاکو بتانا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشددمسلسل جاری ہے اور بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعوی جھوٹا ہے۔
Comments are closed.