مسئلہ کشمیر اندرونی معاملہ قرار دینے والے بھارت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑی، امریکی ایوانوں میں مسئلہ کشمیر کی گونج، نیویارک کی ریاستی اسمبلی میں پانچ فروری 2021 کا دن بطورکشمیر امریکن ڈے منانے کی قراردار منظور کرلی گئی۔
مسئلہ کشمیر کو اندرونی معاملہ کہنے والے بھارتی حکمرانوں کے منہ پر زور دار تھپڑ پڑا ہے، امریکی ایوانوں میں مظلوم کشمیریوں کی آواز گونجنے لگی، تاریخ میں پہلی بار نیویارک کی ریاستی اسمبلی میں کشمیر امریکن ڈے منانے کی قرارداد منظور کرلی گئی، امریکی سینیٹ نے بھی متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری دے دی۔
قرارداد کے ذریعے بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں قابض فوج کے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کرلیا گیا ہے، کشمیریوں کی آواز امریکی ایوانوں تک پہنچانے میں پاکستان امریکا گروپ کی خصوصی کاوشیں شامل ہیں۔
پاکستان امریکا گروپ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس طرح کی قراردادیں امریکا کی باقی ریاستی اسمبلیوں سے بھی منظور کرائی جائیں گی، کورونا وائرس کی وجہ سے بہت کم تعداد میں لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا،لیکن اس کے باوجود کثیر تعداد میں لوگوں کی موجودگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ لوگ اس دن کا حصہ بنے اور تاریخ رقم کردی۔
دوسری جانب نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مظاہرہ کیا، سیکڑوں گاڑیوں اور ٹرکوں پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔
Comments are closed.