یوم یکجہتی کشمیر ۔۔۔۔ گوادرسے سری نگرتک قوم کی ایک ہی آواز

  مظفرآباد/ اسلام آباد: یوم یکجہتی کشمیر، گوادر سے مظفر آباد تک ، فضائیں ،ہم کیا چاہتے ہیں آزادی اور کشمیربنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ٰ اور چئیرمین کشمیر کمیٹی  شہریار آفریدی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزا د کشمیر کے دار الحکومت مظفرآباد بھی گئے ۔ مظفر آباد میں تقریب سے صدر عارف علویٰ ،صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے خطاب کیا۔ صدر پاکستان نے کہاکہ آزادی کی جدوجہد میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام بہادر کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے ، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اورکشمیریوں سے کیاگیا وعدہ پورا کرے ۔

 صد ر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری او ر وزیر اعظم آزادکشمیر عبد القیوم نیازی نے کہاکہ ایک لاکھ شہادتوں کے باوجودکشمیر یوں کا جذبہ آزادی جواں ہے ، کشمیریوں نے 1832 میں سبز علی خان اور ملی خان نے زندہ کھالیں کھینچوا کرقربانیوں کا جو سلسلہ شرو ع کیا وہ آج بھی جاری و ساری ہے ۔ 5 اگست 2019 کے بعد سے بھارت نے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت کشمیر کی ڈیمو گرافی کو تبدیل کیاجا رہا ہے۔ تمام تر بھارتی جابرانہ ہتھکنڈوں کے باجوہ عالمی دنیا اور انسانی حقوق کے ادارے بھارت کو ایک ظالم اور جابر ریاست قرار دے رہے ہیں۔ آزادکشمیر کی تمام سیاسی قیادت مسلہ کشمیر کو پوری قوت کیساتھ عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے یک زبان ہو چکی ہے۔

 اس سے قبل اسلام آباد میں صدر مملکت عارف علویکی قیادت میں دفتر خارجہ سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی نکالی گئی جس میں چیئرمین سینیٹ ،اسپیکرقومی اسمبلی اوروفاقی وزراء بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سائرن بجایا گیا اورایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔پارلیمنٹ پہنچنے پر ریلی کے شرکاء سے خطاب میں صدر مملکت عارف علویٰ نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کوخراج زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیاجائے ۔ ڈی چوک پر پاکستان سویٹ ہوم کے کیڈٹس نے شاندار پریڈ بھی کی ۔

چائنہ چوک سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد تک بھی ریلی کاانعقاد کیا گیا۔ پاکستان اور کشمیر کے پرچم تھامے شرکاء نے مودی سرکار کے خلاف اور کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد ایف نائن پارک میں کرکٹ میچ کا بھی انعقاد کیا گیا جبکہ راولپنڈی میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں ہولی فیملی ہسپتال میں یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے شرکت کی ۔

Comments are closed.