یوم آزادی پاکستان،کشمیریوں کا جوش وخروش دیدنی، 15 اگست کو یوم سیاہ کا اعلان

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں پاکستان کا 75 واں یوم آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پرمنائیں گے۔

مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام نے آج پاکستان کا یوم آزادی پورے جوش وجذبے کے ساتھ منایا، سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھاری تعداد میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود لوگوں نے پاکستان کے ساتھ محبت کے اظہار کے لئے اپنے گھروں اور دیگر عمارتوں کی چھتوں پر پاکستانی پرچم لہرائے۔ کشمیری عوام نے دیواروں، کھمبوں اور ستونوں پر پوسٹر چسپاں کئے جن پر”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ اور” پاکستان زندہ باد “کے نعرے درج تھے۔ مختلف تنظیموں کی طرف سے منعقدہ تقریبات میں پاکستان کا قومی ترانہ اور ملی نغمے گائے گئے۔

 کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں75 ویں یوم آزادی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی مسلم دشمن پالیسیوں نے اس حقیقت کو ثابت کردیا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا مطالبہ جائز تھا۔دیگر حریت رہنماو ¿ں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیر کازکے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت جدوجہد آزادی میں کشمیر ی عوام کے لئے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث رہی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی اور سول کرفیو نافذ کیاجائے گا جس کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے دی ہے جبکہ تمام حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اسکی حمایت کی ہے۔ ہڑتال دس روزہ عشرہ مزاحمت کا حصہ ہوگی جو کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر 5 سے15 اگست تک منایا جارہاہے۔

 مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف ہر جگہ کالے جھنڈے لہرائے جائیں گے اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیر ی بھی عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی طرف دلانے کیلئے بھارت مخالف مظاہرے کریں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اپنے یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا کیونکہ اس نے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف علاقے پر قبضہ جما رکھا ہے۔

Comments are closed.