غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسیوں کے موقع پر 21مئی بروز ہفتہ کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کا مقصد بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج کرنا اور ان کی ثابت قدمی اورجاری جدوجہد آزادی کے ساتھ ان کے عزم پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا بھی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اس دن مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔حریت قیادت نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شہید رہنمائوں کے لیے اجتماعی سطح پر پروگراموں ، ریلیوںاور اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کرکے ہفتہ شہدا منائیں۔
21مئی بروز ہفتہ کولوگ تمام کشمیری شہدا کے ایصال ثواب کی غرض سے فاتحہ خوانی کیلئے مزار شہدا عید گاہ پر حاضری دیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے امام صاحبان اور خطیبوں سے کہا کہ وہ مساجد میں روزانہ ادا کی جانیوالی تمام باجماعت نمازوں میں شہدا کو یاد کریں۔
نامعلوم مسلح افراد نے میر واعظ فاروق کو 21 مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں بھارتی فوجیوں نے ان کے جنازے کے شرکاء پر اندھا دھند فائرنگ کر کے ستر سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔2002میں اسی دن نامعلوم مسلح افراد نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہید کردیاتھا جب وہ مزار شہداسرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد لوٹ رہے تھے۔
Comments are closed.