مودی کی تقریرکے دوران کشمیریوں کا اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کے باہر احتجاج کا اعلان

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر کے دوران 25 ستمبر ہفتہ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی عمارت کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

یہ احتجاجی مظاہرہ امریکہ میں قائم ”ورلڈ کشمیرایوائیرنس فورم“ کے زیراہتمام اور یو ایس کونسل آف مسلم آرگنائزیشنز (یو ایس سی ایم او)، مجلس الشوریٰ نیویارک، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ اور کونسل فارسوشل جسٹس کے تعاون سے کیا جائے گا۔

مظاہرین بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر پر فوجی قبضہ فوری طور پرختم کرنے، تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مقبوضہ علاقے میں مواصلات اور انٹرنیٹ رابطے کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کی مداخلت کا مطالبہ کریں گے۔

”ورلڈ کشمیر ایوائیر نس فورم “ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حوالے سے کئی قرار دادیں منظور کر رکھی ہیں جن آج تک عملدر آمد نہیں ہوا اور جموں وکشمیر تاحال بھارت کے غیر قانونی قبضے میں ہے۔نریندر مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت بھی چھین لی اور علاقہ تباہی اور نسل کشی کے دہانے پر ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقہ اس وقت تباہ کن انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے اور مودی حکومت کی طرف سے گزشتہ دو برس سے زائد عرصے سے مسلط کردہ فوجی محاصرے، جبری آبادیاتی تبدیلیوں اورمواصلاتی بلیک آوٹ کی وجہ سے حالات مزید خراب ہوئے ہیں اور مقبوضہ علاقے کی معیشت ، تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال کا نظام اور روز مرہ نظام زندگی مفلوج ہو چکاہے۔ احتجاج میں تارکین وطن کشمیری ، پاکستانی اور انکے حامی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

Comments are closed.