لاہور: نیو انارکلی بازار میں پان منڈی کے قریب زورداردھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی کئی موٹرسائیکلوں کو آگ لگ گئی۔ ابتدائی طور پر اسے سلنڈر دھماکا کہا گیا تاہم بعد ازاں اس کے بم دھماکا ہونے کی اطلاع سامنے آئی۔ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا اور دھماکے کے بعد زمین میں گڑھا پڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچیں جب کہ سینئر پولیس افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔جاں بحق افراد کی شناخت ابصار ، حسان اور رمضان کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ رمضان نامی شخص قریبی دکان پر ملازم تھا۔ ابصار کی عمر 9 سال ہے جس کی والدہ بھی زخمی ہیں۔دھماکے میں تین خواتین سمیت 23 افراد زخمی ہیں جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں 30 سالہ عدیم شجاع، 40 سالہ جمیل عبداللہ، ردا خالد، نبیلہ اور نشا شامل ہیں ۔ نشا جاں بحق بچے ابصار کی والدہ ہیں۔ دو زخمی خواتین کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میو اسپتال منتقل کیا گیا۔
سی سی پی او فیاض احمد دیو نے پولیس کو موقع پر ریسکیو کارروائیوں میں مدد دینے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر محمد عابد خان نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھانے اور چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی اور پنجاب حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
Comments are closed.