پلوامہ حملے سے متعلق تازہ انکشافات: بھارت پھر بے نقاب، پاکستانی موقف کی تصدیق
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے سے متعلق جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے تازہ ترین انکشافات سے مودی حکومت ایک مرتبہ پھر بے نقاب جب کہ پاکستان کے موقف کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ فروری 2019 کے پلوامہ حملے کے بارے میں ستیہ پال ملک کے انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح بھارتی قیادت عادتاً پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا شورمچا کر اپنے شرمناک بیانیے اور ہندوتوا کے ایجنڈے کو ملکی سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے اور سیاسی مفادات اور جھوٹ اور فریب پر مبنی پاکستان کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈہ مہم کو دیکھیں۔بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی طرف سے بھارت کے جھوٹے بیانیے کا مقابلہ کرتا رہے گا اور مختلف اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔
Comments are closed.