نیدرلینڈزمیں کورونابے قابو: جزوی لاک ڈاؤن نافذ، مکمل لاک ڈاؤن کا قوی امکان

ڈاکٹر محمد کامران، نیدرلینڈز

ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز میں ایک بارپھر کورونا وباء بے قابو ہو گئی،ڈچ حکومت نے ملک میں ریسٹورنٹس، بار بند کر کے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کردیا، وزیراعظم مارک رٹے نے صورتحال بہترنہ ہونے پرمزید  سخت پابندیوں اور مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

نیدرلینڈز میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر پنجے گاڑھ لئے ہیں، گزشتہ روزمزید 6 ہزار844 افراد اس وباء کا شکار ہو گئے، ڈچ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر قابو پانے کے لئے آج سے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے جب کہ ملک میں ریسٹورنٹس، بار اور ہوٹل بند کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

نیدرلینڈز کے وزیراعظم نے مارک رٹے کا کہنا ہے کہ ملک مکمل لاک ڈاؤن کے قریب ہے اس سے پہلے کہ صحت کا نظام برباد ہو جائے فوری اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں خود کو مزید سخت کرنا ہوگا‘‘۔

ٹی وی چینل پر اپنے خطاب میں نیدرلینڈ کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی اکثریت احتیاطی تدابیر اور ضوابط کار پر عمل نہیں کر رہی جس کے بعد حکومت پاس پابندیاں عائد کرنے اور مزید سخت اقدامات کرنے کے سواء کوئی چارہ نہیں۔

حکومت کی جانب سے دیگر اقدامات میں چہرہ ڈھانپنے کیلئے ماسک کا لازمی استعمال، تین سے زیادہ مہمانوں پر پابندی اور رات 8 بجے کے بعد شراب کی فروخت پر پابندی شامل ہے، مارک رٹے نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو آئندہ دنوں میں مکمل لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا کیونکہ وائرس کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ نیدرلینڈ میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 6 ہزار 587 افراد ہلاک ہو چکے ہیں،جب کہ مزید6 ہزار844 کیسز سامنے آنے کے بعد ہالینڈ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 88 ہزار 876 تک پہنچ چکی ہے۔

Comments are closed.