میڈرڈ.سپین کے سب سے بڑے سائیکلنگ ایونٹ لا بوئلتا ایسپانیا کی آخری اسٹیج اتوار کو اس وقت منسوخ کر دی گئی جب ہزاروں مظاہرین فلسطین کے حق میں دارالحکومت میڈرڈ کی سڑکوں پر نکل آئے اور سائیکل سواروں کے راستے کو بلاک کر دیا۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق مظاہرے میں تقریباً ایک لاکھ افراد شریک ہوئے جبکہ جھڑپوں میں 22 پولیس اہلکار زخمی اور دو مظاہرین گرفتار ہوئے۔
مظاہرین نے اسرائیلی ٹیم اسرائیل پریمئیر ٹیک کی شرکت پر احتجاج کیا اور غزہ پر جاری اسرائیلی کارروائی کے خلاف نعرے بلند کیے۔ شدید سکیورٹی اقدامات کے باوجود پولیس مظاہرین کو روکنے میں ناکام رہی اور ریس کو 57ویں کلومیٹرپر روکنا پڑا۔ اس صورتحال کے باعث روایتی پوڈیم تقریب بھی منسوخ کردی گئی۔
وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ایک جلسے میں مظاہرین کو انسانی حقوق کے دفاع کی علامت”قرار دیا اور کہا کہ اسپین فخر کے ساتھ انصاف کے ساتھ کھڑا ہے۔ تاہم اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے سانچیز پر تنقید کرتے ہوئے ان کے بیان کو “شرمناک” قرار دیا۔
میڈرڈ کی صدر ایزابل دیاس ایوسو اور میئر خوسے لوئس مارٹینیز الیندا نے سانچیز کو براہِ راست اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اسے بین الاقوامی رسوائی قرار دیا۔ دوسری جانب نائب صدر یولاندا دیاس اور بائیں بازو کی جماعتوں نے مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسپین کو انسانی حقوق کا مثالی علمبردار ثابت کرتا ہے۔
اس ہنگامہ خیز اختتام کے باوجود ڈنمارک کے جوناس وِنگیگارڈ مجموعی طور پر فاتح قرار پائے اور پہلی مرتبہ وویلتّا اسپانیا جیتنے میں کامیاب ہوئے، جس کے ساتھ ہی وہ دو مرتبہ ٹور ڈی فرانس کے بعد اب اسپین کی ریس بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
Comments are closed.