بھنگ اب قومی معیشیت میں بھی جمائے گی اپنا رنگ،سرکاری سطح پر کاشت کاآغاز

اسلام آباد: وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے سرکاری سطح پر انڈسٹریل ہیمپ (بھنگ) کی کاشت کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی اور وزارت سائنس کا ذیلی ادارہ پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) مشترکہ طور پر اس آزمائشی پراجیکٹ پر کام کریں گے جس کے تحت 3 سال میں 5 ایکٹر پر بھنگ کاشت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں موٹر وے کے قریب ابتدائی طور پر کلیام کے علاقے میں 1 ایکڑ پر بھنگ کی کاشت شروع کردی گئی ہے۔

راولپنڈی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہم بھنگ کی مصنوعات کی برآمد بھی شروع کریں گے جس سے کثیر زر مبادلہ حاصل ہوگا، بھنگ کے پودے سے کشید کردہ 1 لٹر سی بی ڈی تیل کی قیمت 10 ہزار ڈالر ہے۔ یہ تیل ادویات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ ایک ایکڑ سے 10 لیٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ ہم بہت فخر کے ساتھ منفی پہلو رکھنے والی اس فصل کا مثبت استعمال کریں گے۔ شبلی فراز نے کہاہےکہ اربوں ڈالر کی یہ مارکیٹ ہے اور پاکستان نے جلد از جلد اس دوڑ میں شامل ہونا ہے، کیونکہ ہماری آب و ہوا اس کے لیے سازگار ہے، اس کا ایک بیج بھی 12 ڈالر کا ہوتا ہے تو ہم بیجوں کی بھی پیداوار شروع کریں گے۔

وزیر سائنس نے بتایا کہ آئندہ 6 ماہ میں قومی ہیمپ پالیسی بنائیں گے، انسداد منشیات فورس ( اے این ایف) بھی اس منصوبے میں ہمارے ساتھ شامل ہے، خطہ پوٹھوہار میں ہمارا 100 ایکٹر پر بھنگ کی کاشت کا منصوبہ ہے جو صنعتی مقاصد کے لیے ہوگا۔

Comments are closed.