تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن چکا ،عدم اعتماد ضرور کامیاب ہوگی، مریم نواز

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن چکا ہےلہذا عدم اعتماد کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کے جج  نے نیب پراسیکیوٹر سے میرے خلاف باربار ثبوت مانگے، لیکن نیب نے عدالت سے چار ہفتے کی مہلت مانگی، یہ لوگ میرے خلاف ایک ثبوت عدالت میں پیش نہیں کر سکے، اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں، ہر پیشی پر عدالت آتی ہوں، عدالت کی جانب سے نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دینا چاہئے، عدالت نے نیب پروسیکیوٹر کو تیاری کے لیے چار ہفتے مہلت دی، انصاف میں تاخیر کا مطلب انصاف کی فراہمی سے انکارہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ذہنی حالت پر شک ہوتا ہے، یہ دنیا کے واحد وزیراعظم ہے جو عوام کے خرچے پر بنی گالا میں عیاشی کرتے ہیں، آپ کو عوام کا دکھ کیسے پتا ہو کیونکہ آپ کے گھر کا کچن تو کوئی اور چلاتا ہے، اس دور حکومت میں ہر روز ملک کی تباہی ہورہی ہے، ایک ہی جھٹکے میں آپ نے 12 روپے پٹرول بڑھا دیا جس سے ہر چیز مہنگی ہو گئی،  پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام  آپ کو کن الفاظ سے یاد کرتی ہے، آپ کے لیے شرم کی بات ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ صحافیوں کے معاملات میں پاکستان دنیا کا خطرناک ملک ہے، عمران خان کی حالت دیکھتی ہوں تو مجھے پرویز مشرف کا دور یاد آتا ہے، گزشتہ روز شہری کےخلاف ریاستی  ادارے کو استعمال کیا گیا، لوگوں کے گھروں میں ریاستی ادارے کے اہلکاروں کا دیواریں پھلانگ کر جانا افسوسناک ہے، مجھے عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آنے لگا ہے، اگر غلط کام کئے ہیں تو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں، اپنی غلطیاں نہیں دیکھتے اور غلطیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو تکلیف دیتے ہیں، جو معیار آپ نے اپنی اہلیہ کے لیے سیٹ کیا ہے وہی دوسروں کی بیٹیوں اور ماؤں کے لیے بھی رکھیں، خاتون اول کا احترام کرتے ہیں مگر معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سرکاری خرچ پر انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا، کل بھی ریاستی اداروں کو استعمال کرکے انتقام کی سیاست جاری رکھی، میری ماں جب بستر مرگ پر تھیں تو پی ٹی آئی کے لوگ ان کے بارے میں کہتے تھے کہ وہ ٹھیک ہیں اسپتال میں کھانا کھا رہی ہیں، اسپتال سے لوٹتے ہوئے پی ٹی آئی کے لوگ ہمارے اپارٹمنٹ کے نیچے کھڑے ہوکر مجھے گالیاں دیتے تھے، ہمارے گھر پر حملہ کیا گیا، مجھے ڈیتھ سیل میں قید کیا گیا کیا میں کسی کی بیٹی نہیں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں ہمارے جوان شہید ہوگئے اور عمران خان چین میں اولمپکس  دیکھنے گئے ہوئے تھے، ان کے جرائم کی فہرست طویل ہے، وہ ریاستی نواب یا بادشاہ نہیں، ان کا بھی احتساب ہوگا، انہیں عوام کی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا، تحریک انصاف میں ایم این ایز اور ایم پی ایز  فارورڈ بلاک بنا کربیٹھے ہیں،عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگی تمام اتحادیوں سے کہوں گی عوام کی آواز پر لبیک کہیں، عوام کو بھی اپوزیشن کی آواز پر لبیک کہنا چاہئے۔

Comments are closed.