وزیر اعظم بکے ہوئے اراکین سے اعتماد کا ووٹ لیں گے، مریم نواز

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاکہ سینیٹ انتخابات کے نتائج کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ارکان بک گئے، اورکل وہ انہی بکے ہوئے ارکان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے جو رائے دی وہ آئین کے تحت دی، آئین میں ترمیم کا نہ ہی الیکشن کمیشن اور نہ ہی سپریم کورٹ کو اختیار ہے، سپریم کورٹ نے وہی پوزیشن تسلیم کی جو الیکشن کمیشن نے لی۔ مریم نواز نے کہاکہ پی ٹی آئی نے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں اربوں پتی لوگوں کو ٹکٹس دئیے ، وہاں حکومتی ارکان جیتیں تو الیکشن بالکل ٹھیک ہے، اسلام آباد میں ایک نشست ہار جائیں تو الیکشن ٹھیک نہیں، اب اداروں کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ اداروں کی تضحیک کرنے والے کون لوگ ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ صدر نے سمری میں لکھا ہے کہ وزیراعظم اعتماد کھو چکے، اسے پبلک کیا جائے، قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کی شق 91 کی شق 7 کے تحت بلایا گیا ہے، شق میں درج ہے کہ وزیر اعظم اعتماد کھو چکے اور اب وہ اعتماد کا ووٹ لیں۔

مریم نواز کاکہناتھا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حید ر ان کے دل کے وزیر اعظم ہیں، ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حکومت کو مات دے دی ہے، اب مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، مسلم لیگ کا کلچر تبدیل ہو گیا، ہاتھ باندھ کر سب باتیں نہیں سنیں گے۔

Comments are closed.