لاہور:ترجمان نیب لاہور کے مطابق کل 26 مارچ کو مریم نواز کی پیشی ملتوی کردی گئی ہے۔ نیب کے مطابق پیشی کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے ملتوی کی گئی ہے۔ پیشی ملتوی کرنے کا فیصلہ نیب میں اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے ہر نوعیت کے ہجوم کو اکٹھا کرنے پر پابندی ہے۔ مریم نواز کی پیشی این سی او سی کی گائیڈ لائنز اور مفاد عامہ کے پیش نظر ملتوی کی جارہی ہے۔ مریم نواز کی گزشتہ پیشی پر نیب عمارت پر دانستہ پتھرائو کیا گیا تھا۔ نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو جاتی امرا میں 1500 کنال اراضی کی ان کے نام مبینہ غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات میں طلب کیا تھا۔
قبل ازیں مریم نواز لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرچکی تھیں جب کہ نیب کی جانب سے پیشی کے موقعے پر مریم نواز کے کارکنان کو ساتھ لانے کے خلاف درخواست بھی لاہور ہائیکورٹ نے نمٹا دی تھی۔
عدالت نے مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر کارکنوں کو ساتھ لانے کے خلاف نیب کی درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرے، اگر کوئی قانون کی پاسداری نہیں کرے گا تو قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ وفاق نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر رینجرز کی تعیناتی کی بھی منظوری دی تھی ۔
Comments are closed.