اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا سربراہ محترم ہیں، پاکستانی فوج کا سربراہ ایسا شخص ہونا چاہیے جو ہر قسم کے داغ سے پاک ہو۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کیس کو 10 ماہ ہوگئے لیکن نیب آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا اور کیس کو طویل کر رہا ہے، سابقہ دورِحکومت میں نیب کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہیے، اب نیب کے پاس کوئی جواب نہیں، کبھی ان کو کورونا ہوجاتا ہے تو کبھی کوئی مسئلہ، اصل میں ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں، اگر میرے خلاف ثبوت ہیں تو مجھے سزا دیں، نیب تاخیر کر رہا ہے تو میرے بطور شہری حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اگر اپ کے پاس میرے خلاف ثبوت نہیں تو عدلیہ نیب کی اس زیادتی کا نوٹس لے، اور نیب کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس 4 سال میں 4 سکینڈ کی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں، ان کی کارکردگی نہیں ہے اس لئے خط اور سازش کی ضرورت پڑتی ہے، سابق وزیراعظم 4 سال میں پاکستان کو 400 سال پیچھے دھکیل کر گئے، جب اس سے پوچھوں کہ مہنگائی کیوں ہے، آٹا اور ادویات کیوں مہنگے ہوئے تو کہتے ہیں میرے خلاف سازش ہوئی، آپ نے ملک کی معیشت کو آئی سی یو میں پہنچا دیا آج اپ کو پریس کانفرنس کرتے شرم نہیں آتی، اصل میں ملک کے خلاف سب سے بڑی سازش عمران خان کی شکل میں ہوئی ایسی سازش تو کوئی کرنےکی جرات نہیں کر سکتا تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جب تک ادارے سپورٹ کررہے تھے تب تک وہ سراج الدولہ تھے، جیسے اقتدار جاتا نظر آگیا تو آج کوئی میر صادق کوئی میر جعفر بن گیا، عمران خان اداروں کو خطرناک ہونےکی کھلی دھمکیاں دیتاہے،اداروں کونوٹس لیناچاہئے، اگر فوج کہتی ہے وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کر ے گی تو یہ خوش آئند بات ہے، ایک ہی شخص کو فوج کے آئینی دائرے میں رہنے سے تکلیف کیونکہ اسے نقل کرنے کی عادت ہے، پاک فوج کا سربراہ محترم ہیں، پاکستانی فوج کا سربراہ ایسا شخص ہونا چاہیے جو ہر قسم کے داغ سے پاک ہو۔
میری پارٹی کو سوچنا چاہیے کہ عمران خان کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لینا چاہیے، موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے الیکشن واحد حل ہے، عوام سے کہتی ہوں کہ نواز شریف کو دو تہائی اکثریت دیں، تاکہ ہم ملک کی تقدیر بدل سکیں، مخلوط حکومت مختصر وقت میں فیصلے نہیں کرسکتی۔
Comments are closed.