کیا عدلیہ کا یہی کام رہ گیا ہے جہاں عمران خان ناکام ہو مدد کیلئے آجائیں، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو عمران خان کی سیاست سے دور اور غیر جانبدار رہنا ہوگا، کیا عدالتوں کا یہ کام رہ گیا کہ جہاں عمران خان ناکام ہو وہاں وہ مدد کے لیے آئیں۔

بہاولپور میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز نے ایک بار پھر چیئرمین پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بیرونی نہیں بلکہ اندورنی خطرہ ہے اور وہ خطرہ انتشار اور فتنے کا ہے جس کا دوسرا نام ’عمران خان‘ ہے، سوائے مہنگائی کے چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو کچھ نہیں دیا۔

لانگ مارچ کے شرکاء کو روکنے کے خلاف عمران خان کے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نمبر بدل گیا ہے اس لیے لانگ مارچ ناکام ہونے پر سپریم کورٹ کو آواز دی جا رہی ہے، عدالت عظمیٰ کو ادب سے کہنا چاہتی ہوں کہ عمران خان کی سیاست سے دور رہیں، عدلیہ کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، کیا عدالتوں کا یہ کام رہ گیا کہ جہاں عمران خان ناکام ہو وہاں وہ مدد کے لیے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے منتیں کرکے اداروں کو سیاست میں گھسیٹتا ہے، پھر انہی اداروں کو گالیاں دیتا ہے، لانگ مارچ کی تیاری نہ ہونے کی بات کرنے والے (عمران خان) کی آگ لگانے، پولیس والوں پر گولیاں چلانے کی تیاری پوری تھی، آج اس کا دوسرا لانگ مارچ بھی بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔

Comments are closed.