مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نے خوف کی زنجیریں توڑ دی ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی 11 جماعتوں نے خوف سے آزاد ہو کر اتحاد کیا ہے۔ نوازشریف کاووٹ کو عزت دو کا،نعرہ پورے ملک میں گونج رہاہے،عمران خان کے پاس اکثریت نہیں عسکریت ہے۔
کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمریم نواز نے کہا کہ کراچی میں ہوٹل پر دھاوا بولا گیا، آئی جی کو اٹھانے کے بعد ثبوت دیا گیا کہ ریاست کے اوپر ریاست کیا ہوتی ہے، سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے چھٹی کی درخواست دی اور کہا ان حالات میں کام نہیں کرسکتے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئٹہ جلسے میں سیکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے، کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی، عمران نیازی کو اکثریت نہیں عسکریت کی سپورٹ تھی وہ بھی ختم ہورہی ہے، عمران خان 15جنوری سے پہلے استعفی دے دیں گے۔
کوئٹہ روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاکہ کراچی واقعہ روز روشن کی طرح عیاں ہے، اس پر انکوائری کی ضرورت نہیں ، واقعے کی انکوائری کا حق سندھ حکومت کا ہے، جعلی ہی سہی لیکن عمران خان وزیر اعظم ہاؤس میں تو بیٹھے ہیں، کچھ اپنی عزت کا احساس کریں۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سلیکٹڈ کو پتہ ہونا چاہیے کہ برطانیہ میں قانون کے مطابق کام ہوتے ہیں، برطانیہ میں ایسی بڑھکیں نہیں چلتیں، وہ ایک بار متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کو بھی لندن لینے گئے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی تحریری فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا، عمران خان پانچ سال تو کیا 2020 بھی پورا نہیں کریں گے۔
Comments are closed.