لاہور: رائے ونڈ اراضی کیس میں نیب طلبی کے موقع پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی، پتھر لگنے سے لیگی رہنما کی گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔
مریم نواز کی نیب لاہور آفس پیشی پر لیگی رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد متحرک رہی، رائیونڈ سے بڑے قافلے کی صورت میں نیب آفس آمد پرکارکن پر جوش دکھائی دیئے۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے رکاوٹوں کے بعد لیگی کارکن مشتعل ہوگئے۔
پولیس سے جھڑپیں ہوئیں، بیرئیر توڑنے کی کوشش اور پتھراؤ بھی ہوا، متوالوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج، ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی، خواتین سمیت کئی مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر نیب نے مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی، پتھر لگنے سے لیگی رہنما کی گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ حوصلہ تو رکھو، اگر اتنا ڈرتے ہو تو بلاتے کیوں ہو، میں کھڑی ہوں، بلایا ہے تو جواب بھی سنیں، نیب آفس کے باہر کھڑی ہوں، واپس نہیں جاؤں گی۔ مریم نواز کا کہنا تھا جھوٹے الزامات کا جواب دینے آئی ہوں، مجھے سنا جائے، جواب دیئے بغیر نہیں جاؤں گی، نیب نے گیٹ بند کرلیا، جواب دینے آئی ہوں، دروازہ کھولیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نیب دفتر پر پتھراؤ اور پولیس کے ساتھ ہنگامہ آرائی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔
قومی احتساب بیورو نے لیگی کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ پر مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کرلیا۔مریم نواز، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمہ درج ہوگا۔
Comments are closed.