ڈیلاس: امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ہماری ایک شخصیت، ایک پہچان، ایک جھنڈا اور ایک ترانہ ہے۔ ہم ایک قوم ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کے درمیان کوئی دراڑ یا تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔
امریکہ میں پاکستانی نژادڈاکٹروں کی تنظیم ‘اپنا’ کے چھیالیسویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے شکوک و شبہات ذہنوں سے نکال دیں، الجھنوں اور مایوسی کو مسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد کا مظاہرہ کریں، اگر اختلاف ہے بھی تو ان اختلافات کو بڑھانے کی بجائے ختم کرنا چاہیے، خود پر اور پاکستان پر یقین رکھیں، ہم اٹھیں گے اور تمام طوفانوں سے گزر کر اقوام عالم میں ایک کامیاب قوم بن کر ابھریں گے۔
صدر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ ڈاکٹر ارشد ریحان نے انہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘اپنا’ متحد ہے اور اس کے درمیان کوئی تقسیم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ثبوت تنظیم کی بھرپور حمایت اور کنونشن کی تمام تقریبات میں بالخصوص اس کی سالانہ ضیافت میں شرکاء کی ریکارڈ تعداد سے ظاہر ہوتا ہے۔
سفیر پاکستان سے متعدد پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی انفرادی طور پر اور مختلف گروپس میں ملاقات کے دوران مسعود خان نے انہیں یقین دلایا کہ وہ بغیر کسی خوف یا خدشات اپنے نائی کوپ پر پاکستان آ جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواہوں کے برعکس اووسیز کے حوالے سے کوئی لسٹ تیار نہیں کی گئی۔ یہ محض پروپیگنڈا ہے۔ اسے مسترد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور آپ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی مادر وطن کا دورہ کرنے میں آزاد ہیں۔ سمندر پار پاکستانی متحد رہیں اور اپنی مادر وطن کے روشن مستقبل پر پورا یقین رکھتے ہوئے مخالفین کو غلط ثابت کریں۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے اپنا کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جن کی قیادت میں 46ویں کنونشن کا انعقاد نہایت احسن طریقے اور تدبر کے ساتھ کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ اب تک اپنا کا سب سے بڑا اجتماع تھا تقریب میں تقریباً 4000 ڈاکٹروں، پیشہ ور افراد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
مسعود خان نے اپنا کے کردار اور اسکی خدمات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنا پاکستان کے روشن چہرے کی علامت ہے اور یہ تنظیم پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل بنانے والوں کا کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ امریکہ اور پاکستان کے لئے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے، قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ جس نے ایک شخص کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچایا سفیر پاکستان نے کہا کہ اپنا کے اراکین شفاء دینے والے اور انسانیت کے لیے امید کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جانیں بچاتے ہیں، آپ انسانیت کو بچاتے ہیں۔
مسعود خان نے پاکستان ، ترکی اور شام میں قدرتی آفات کے دوران اپنا کی خدمات کا خاص طور پر کر کرتے ہوئے تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اپنا ایک عالمی ادارہ بن چکا ہے۔ سفیر پاکستان نے یاد دلایا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کے ریلیف کے حوالے سے تنظیم نے محض ایک گھنٹے کے اندر نصف ملین ڈالر اکٹھے کیے جو اس کی زبردست اجتماعی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے مشن نے اسے اس قابل بنایا ہے کہ وہ سرحدوں کی حدود سے بالاتر ہو کر مصیبت میں گھرے افراد کی بلا تفریق خدمات کرے۔ انسانیت کی خدمت کے اسی مقصد نے تنظیم کے رتبے کو بلند کیا ہے۔
مسعود خان نے اپنا کی پاکستان میں تعلیم، ہیلتھ کیئر اور دیگر اقتصادی شعبوں میں شراکت کی تعریف کی ۔ اس ضمن میں انہوں نے خاص طور پر ہیلتھ ٹیک اسٹارٹ اپس، ٹیلی میڈیسن، آن لائن فارمیسیوں اور ہسپتالوں کے قیام کے حوالے سے اپنا کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اپنا کی خدمات کی بدولت نہ صرف ہیلتھ کیئر کے شعبے میں بہتری آئی ہے بلکہ ملک میں ڈیجیٹل اکانومی کو بھی فروغ ملا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور امریکہ اور پاکستان کے لیےثمرات حاصل کریں۔
ڈاکٹر ریحان نے تنظیم کے سماجی اور ڈیزاسٹر ویلفیئر پروگراموں کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کا مقصد پاکستانیوں کی دوسری اور تیسری نسل کو تنظیم میں شامل کرنا ہے تاکہ اس کے انسانی ہمدردی کے کام کو جاری رکھا جا سکے۔
ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانی نژاد امریکی تاجر اور مخیر شخصیت سید جاوید انور اور یو ایس سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر (نامزد) دلاور سید نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پاکستانی سفیر تقریب کے دوران کمیونٹی ممبران اور شرکاء سے ملے اور ان سے گفتگو کی۔
Comments are closed.