بی جے پی لوگوں کوخاموش کرانے کیلئے دھونس ودبائو کا استعمال کررہی ہے، محبوبہ مفتی

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ دھونس و دبائو کے ذریعے کشمیریوں کو خاموش کرانے کی بجائے ان کے دل جیتنے کی کوشش کرے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع پونچھ کے علاقے حویلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کشمیریوں کواگست 2019 میںدفعہ 370کی منسوخی اور جموں وکشمیر کی دو یونین ٹریٹریز میں تقسیم کے بعد ان کے پاس جو حقوق بچ گئے تھے،ان سے بھی محروم کر رہی ہے۔

گزشتہ اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی کے ساتھ پی ڈی پی کے اتحاد کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک ان کا بی جے پی سے اتحاد تھا تو انہوں نے اسے دفعہ 370کی منسوخی سے روکے رکھا اور پی ڈی پی  بی جے پی کے سامنے دیوار کی طرح کھڑی رہی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کے دور میں ہر کوئی پریشان ہے چاہے وہ جموں ہو یا کشمیر کیونکہ تمام معاملات لاٹھی کے زور پر چلائے جارہے ہیں۔

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات پران کے موقف کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں پی ڈی پی کی سربراہ نے کہاکہ انتخابات ان کا مقصد نہیں ہیں لیکن انتخابات  لوگوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کیلئے ایک جمہوری ہتھیار ضرورہیں۔

Comments are closed.