کورونا صورتحال میں بہتری۔۔ دوسرے مرحلے میں مڈل سکولز 23 ستمبر سے کھولنے کی اجازت

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دے دی، جس کے بعد سندھ کے علاوہ ملک بھر میں مڈل اسکولز کل سے کھول دیئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں تعلیم، داخلہ کے وزراء، معاون خصوصی برائے صحت، سیکرٹری تعلیم و دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کے اندر کورونا وبائرس کی مجموعی خاص طور پر پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کھلنے کے بعد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، اس حوالے سے وفاقی وزارت صحت اور صوبائی محکموں کے اعداد و شمار پر مشاورت کی گئی۔ وزارت تعلیم نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے مرحلے میں کھولے گئے اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل جاری ہے، جب کہ دوسرے مرحلے کے لئے تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے تیاریاں اور انتظامات مکمل ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک کورونا صورت حال بہتر ہونے اور صوبائی محکموں و تعلیمی اداروں کی جانب سے پہلے مرحلے میں کیے جانے والے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دے دی۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ و طالبات کیلئے تدریسی عمل 23 ستمبر سے شروع کر دیا جائے گا۔ تاہم سندھ نے مڈل سکولز فی الحال نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments are closed.