نیویارک: امریکا میں ایک ہفتے کے دوران دوسرے برفانی طوفان کی پیشگوئی نے کروڑوں شہریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ برفانی طوفان کے باعث برف باری اور شدید سردی سوسالہ ریکارڈ توڑ دے گی۔
موسم کا حال بتانے والوں نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی 21 ریاستیں ایک ہفتے کے دوران دوسرے برفانی طوفان کی لپیٹ میں آنے والی ہیں، جس کی وجہ سے میئن، ورماؤنٹ، نیویارک، اوہائیو، ایلی نوئے، انڈیانا، مشی گن، میسوری، نیو میکسیکو سمیت دیگر ریاستوں کے 9 کروڑ سے زائد افراد شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔
تقریباٍ2 ہزار میل رقبے پر آنے والا برفانی طوفان سب سے زیادہ امریکا کے جنوبی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ شدید برف باری اور برفانی ہواؤں کے باعث ڈیلس ، میمفس اور ٹینیسی میں بجلی کی بندش، سڑکیں بلاک ہونے سے آمد و رفت معطل اور خطرناک حد تک سردی پڑنے کا امکان ہے۔
موسم کی پیش گوئی کے مطابق ایلی نوئے، انڈیانا، آئیووا، کناس، مشی گن، منی سوٹا، میسوری، نبراسکا، نارتھ ڈکوٹا، اوہائییو، ساؤتھ ڈکوٹا اور وسکونسن میں 12 انچ سے20 انچ سے زائد تک برف باری ہونے کا امکان ہے، جو کہ ان علاقوں میں سوسال کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ برفباری ہو گی۔
بدھ کی رات سے شروع ہونے والے برف باری کے سلسلے کی شدت کا اندازہ محکمہ موسمیات شکاگو آفس کی پیش گوئی سے لگایا جا سکتا ہے جس کے مطابق مختلف اوقات میں ایک گھنٹے کے دوران ایک انچ تک برفباری متوقع ہے۔
Comments are closed.