سینیٹر مشاہداللہ خان کو اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا

  اسلام آباد:سینیٹر مشاہداللہ خان کو اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں سپر د خاک کر دیاگیا۔نماز جنازہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت سیاسی رہنماؤں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔نائب صدر مریم نواز نے مرحوم کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی ۔

نون لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ خان طویل علالت کے بعد گزشتہ رات اسلام آباد میں انتقال کر گئےتھے ۔نماز جنازہ میں چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ،وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر،مسلم لیگ نون کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی،راجہ ظفرالحق،اقبال ظفرجھگڑا،سردار ایاز صادق، مصدق ملک،جے یوآئی کے رہنما مولانا عطاالرحمان، پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکر سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشاہد اللہ خان کے وفات کی خبر سن کر دھچکا لگا،یہ مسلم لیگ کا بڑا نقصان ہے۔اراکین پارلیمنٹ نے بھی مشاہد اللہ خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔سینیٹر مشاہد اللہ خان کے انتقال پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری،، مولانا فضل الرحمان، وزیراطلاعات شبلی فرازسمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہارکیا ہے ۔

Comments are closed.