این اے 240 ضمنی انتخاب،انکوائری رپورٹ غیرتسلی بخش قرار

اسلام آْباد: این اے 240 کرا چی کے ضمنی انتخاب میں بیلٹ پیپرز چوری کرنے کا معاملہ ، چیف الیکشن کمشنر نے انکوائری رپورٹ غیرتسلی بخش قرار دے دی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اصل کام تو یہ معلوم کرنا تھا کہ کون بیلٹ پیپر واپس لے کر آیا، آپ نے تو یہ کیا ہی نہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر اور ریٹرنگ آفیسرکو فوری او ایس ڈی بنانے کا حکم،آئی جی سندھ کو بھی وارننگ جاری کر دی ۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے سماعت کی جبکہ ریجنل الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے انکوائری رپورٹ جمع کرائی گئی ، رپورٹ میں کہا گیاہے کہ پولیس ہجوم کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی جبکہ پریزائیڈنگ آفیسر بھی کنفیوژ تھے، بیلٹ پیپرز واپس کرنے والا شخص نامعلوم ہے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا اصل کام تو یہ معلوم کرنا تھا کہ کون بیلٹ پیپر واپس لے کر آیا،اصل کام تو آپ نے کیا ہی نہیں۔

ریجنل الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمارا جو مینڈیٹ ہے اس کے مطابق کام کیا ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مجھے مینڈیٹ نہ سکھائیں آگے چلیں،انکوائری کمیٹی کے سربراہ کیوں نہیں آئے؟ ان سے غیرتسلی بخش رپورٹ پر وضاحت طلب کی جائے۔الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا بھی حکم دیا جبکہ آئندہ سماعت پر پی ایس پی کےسربراہ مصطفیٰ کمال کو بھی طلب کرلیا۔

Comments are closed.