اسلام آباد:حکومت نے 343 ارب روپے کا منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔اپوزیشن نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا۔ اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں، بات ہاتھا ہائی تک پہنچ گئی۔ اسپیکراسد قیصرکی زیرصدارت اجلاس شروع ہو اتو وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے مالیاتی ضمنی بل اوراسٹیٹ بینک سے متعلق بل کی تحریک پیش کی۔ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی خواتین ارکان نے احتجاج شروع کیا تو بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
شور شرابے میں وزیر خزانہ نے فنانس سپلیمنٹری بل 2021ء سے پہلے ضمنی ایجنڈے کے تحت اسٹیٹ بینک کے حوالے سے بل پڑھ دیا۔ اجلاس میں الیکشن تیسری ترمیم کے آرڈیننس میں 120 دن کی توسیع کی قرارداد بھی منظور کرلی گئی، پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے نکتہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ مدت ختم ہونے کے بعدآرڈیننس لائے جارہے ہیں، 6 آرڈیننسزکی مدت ختم ہوچکی ہے، بابر اعوان نے جواب دیا کہ قومی اسمبلی میں مدت سے آرڈیننس پیش ہوتے ہیں،رولز کے مطابق کارروائی چلائی جارہی ہے۔اسپیکر نے اسٹیٹ بینک سے متعلق ترمیمی بل کمیٹی کو ریفر کر دیا ۔
احتجاج کے دوران بات اس حد تک بڑھی کہ پیپلز پارٹی کی شگفتہ جمانی نےپی ٹی آئی کی رکن غزالہ سیفی کو تھپڑ دے مارا۔ واقعہ پر رد عمل کا اظہا رکرتے ہوئے غزالہ سیفی نے کہاکہ یہ سب جنگلی عورتیں ہیں ، شگفتہ جمانی نے ان کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی توڑ دی۔
دوسری جانب شگفتہ جمانی نے کہا کہ غزالہ سیفی نے پہل کی ، میں نے صرف جواب دیا۔اس سے قبل منی بجٹ کی منظوری کیلیے وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے فنانس ترمیمی بل 2021 کی منظوری دی۔
منی بجٹ میں وفاقی دارالحکومت کے شہریوں پرنئے ٹیکسز کا نفاذ
منی بجٹ میں وفاق میں خدمات پر سیلز ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، اسلام آباد میں قائم بیوٹی پارلرز، ایستھیٹک کلینکس، سلمنگ سینٹرزاور کار ڈیلرز پر بھی 5 فی صد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق اسلام آباد میں قائم بیوٹی پارلرز، ایستھیٹک کلینکس، سلمنگ سینٹرز، جم اورکار ڈیلرز پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیاگیا ہے۔اسلام آباد میں کام کرنے والے ٹور آپریٹرز، ٹریول ایجنٹس آٹو ورکشاپس اور انڈسٹریل مشینری ورکشاپ پر بھی 5 فیصد ٹیکس کی تجویز ہے۔ شہر اقتدار کے باسیوں کے لیے شادیاں بھی مزید مہنگی ہو جائیں گی ۔ میرج ہالز، مارکیز کیساتھ کیٹرنگ کی خدمات پر بھی 5 فیصد ٹیکس عائد کیاجا رہا ہے۔
Comments are closed.