اسلام آباد:وزیر اعظم عمران کے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کے اعلان کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کو طلب کرلیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاہے کہ بزدل نہیں ،مقابلہ کرنا جانتا ہوں،ڈر کر یاکسی خوف میں حکومت نہیں کر سکتا۔وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے بھی خطاب کریں گے۔ جمعے کو پارلیمانی پار ٹی کا اجلاس ہو گا۔
وزیر اعظم کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ کے اراکین اور نومنتخب سینیٹرز شریک ہوئے ۔ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ میں بزدل نہیں ،مقابلہ کرنا جانتا ہوں،ڈر کر یاکسی خوف میں حکومت نہیں کر سکتا،اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا۔عہدے کے لیے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا ،عہدہ نہیں ،نظریہ اور منشور اہم ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے،عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر اظہار کریں۔ اپوزیشن کی پیسہ کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا،یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ،اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
اجلاس میں تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی کو اسلام آباد سے باہر جانے سے روک دیا گیا ۔وزیراعظم نے تمام ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اسلام آباد میں رہیں اور قومی اسمبلی اجلاس میں حاضری یقینی بنائیں۔وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس بھی جمعے کو سہ پہرطلب کر لیا جس میں حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان شریک ہوں گے۔وزیر اعظم اجلاس کو اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق اپنے فیصلے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔
Comments are closed.