بلاول بھٹو کی دعوت پر نواز شریف اپوزیشن کی کثیرالجماعتی کانفرنس میں شرکت پر رضا مند

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور حکومت مخالف کثیرالجماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو نواز شریف نے قبول کر لی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اپوزیشن کی کثیرالجماعتی کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی، دونکاتی ایجنڈے میں حکومتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ آئندہ کی حکمت عملی پرمشاورت ہوگی۔ بلاول بھٹو کی طرف سے اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کے دعوت نامے پہنچا دیئے گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ سابق وزیراعظم اور میاں محمد نواز شریف سے ان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس  میں ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور انہیں کثیرالجماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں مزید لکھا ہے کہ مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے، سزا کے بعد میاں نواز شریف پہلی بار کسی فورم سے خطاب کرینگے، آئندہ کثیر الجماعتی کانفرنس 20 ستمبر کو ہو گی۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلیفون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں۔

مزید برآں اپوزیشن کی اتوار کے روز بلائی گئی کثیر الجماعتی کانفرنس کی تیاریاں جاری ہیں، اجلاس اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں دن 12 بجے شروع ہوگا، اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جو دونکاتی ہے۔

ایجنڈا کے مطابق حکومت کی دو سالا کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی، تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تجاویز دیں گی، بلاول بھٹو کی طرف سے اے پی سی میں شرکت کے دعوت نامے اپوزیشن جماعتوں کو پہنچا دئیے گئے ہیں۔

Comments are closed.