نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے ملک میں جاری ویکسی نیشن مہم کے غلط اعداد و شمار جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ این سی او سی ویب ڈیش بورڈ اور ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری اعداد و شمار میں بھی تضاد واضح ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال، وبا کی روک تھام کیلئے اقدامات کے نگران ادارے این سی او سی کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ملک بھر میں اب تک 1 کروڑ 17 لاکھ 45 ہزار 889 افراد کی انسداد کورونا ویکسی نیشن ہو چکی ہے، جن میں ایک خوراک ، دونوں خوراکیں اور ایک ہی بار میں مکمل ویکسین حاصل کرنے والے شامل ہیں۔
این سی او سی ویب ڈیش بورڈ پر جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ویکسین کی ایک خوراک حاصل کرنے والوں کی تعداد 62 لاکھ 1 ہزار 219 ہے، جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 لاکھ 4 ہزار 692 افراد کو انسداد کورونا ویکسین کی پہلی خوراک فراہم کی گئی، اگر ان دونوں اعداد کو جمع کیا جائے تو مجموعی طور پر سنگل ڈوز لینے والے افراد کی تعداد 66 لاکھ 5 ہزار 911 بنتی ہے۔
اسی طرح ویب سائٹ پر مکمل ویکسین لگوانے والے پاکستانیوں کی تعداد 31 لاکھ 7 ہزار 671 بتائی گئی ہے جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 642 افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہونے کا بھی درج ہے، اس طرح مجموعی طور پر یہ تعداد 31 لاکھ 37 ہزار 313 بنتی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار جمع کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں اب تک 97 لاکھ 43 ہزار 224 افراد کو سنگل ڈوز یا دونوں خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں، جب کہ این سی او سی کے ڈیش بورڈ پر اسی جگہ ویکسین حاصل کرنے والوں کی تعداد 1 کروڑ 17 لاکھ 45 ہزار 889 بنتی ہے۔
دوسری جانب این سی او سی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے انسداد کورونا ویکسی نیشن کے بالکل الگ اعداد و شمار جاری کیے جا رہے ہیں، ٹویٹر اکاؤنٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3 لاکھ 69 ہزار 274 افراد کی ویکسینیشن مکمل کی گئی (جو کے ویب سائٹ پر 4 لاکھ 30 ہزار سے زائد بتائی گئی)۔ اسی طرح ٹویٹر پیغام کے مطابق ملک بھر میں اب تک 1 کروڑ 20 لاکھ 67 ہزار 171 افراد کوروناویکسین سے مستفید ہوچکے۔
Comments are closed.