آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع

آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی منظرنامے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔ پیپلز پارٹی نے حکومت سازی کے واضح دعوے کے ساتھ فیصل راٹھور کو نیا وزیرِاعظم نامزد کردیا ہے۔

تحریکِ عدم اعتماد

آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرا دی گئی ہے، جو پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان کی جانب سے پیش کی گئی۔تحریکِ عدم اعتماد پر 17 سے زائد اراکین اسمبلی کے دستخط موجود ہیں، جن میں جاوید ایوب، قاسم مجید، رفیق نیئر، ملک ظفر اور علی شان سونی شامل ہیں۔یہ پیش رفت آزاد کشمیر کی حکومت میں تبدیلی کے حوالے سے اہم موڑ سمجھی جا رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کا نیا وزیرِاعظم

تحریکِ عدم اعتماد کے ساتھ ہی پاکستان پیپلز پارٹی نے فیصل راٹھور کو نیا وزیرِاعظم آزاد کشمیر کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کر دیا ہے۔پارٹی کے مطابق فیصل راٹھور کے پاس مطلوبہ عددی حمایت موجود ہے اور وہ حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔

راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مشاورت کے ساتھ فیصلے کرتی ہے اور اسی عمل کے بعد تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں نئی حکومت بنانے کی پوری پوزیشن میں ہے اور کسی دوسری جماعت کی حمایت کی ضرورت نہیں۔

پیپلز پارٹی کی واضح پالیسی

راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے دل کے قریب ہے، اور پارٹی کی کوشش ہوگی کہ حکومت قائم ہونے کے بعد کشمیری عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات اور آسانیاں پیدا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خطے کی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔

Comments are closed.