شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا حملہ،لیفٹیننٹ کرنل ،کیپٹن سمیت 7 جوان شہید

 امن دشمنوں کا ایک اور وار،میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے دو افسران سمیت سات جوان شہید ہو گئے ۔پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے میر علی میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے ابتدائی حملہ ناکام بنایا تو دہشت گردوں نے بارودسے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی اور متعدد خودکش دھماکے بھی کیے گئے ۔حملوں کے نتیجے میں حوالدار صابر ، نائیک خورشید ، سپاہی ناصر ، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد جام شہادت نوش کرگئے ۔

خودکش حملوں کے بعد لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی قیادت میں کلئیرنس آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوے وطن پر قربان ہو گئے۔علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔

 ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لیے پُرعزم ہیں،ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔

Comments are closed.