قومی سلامتی کمیٹی کا 9مئی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلی ٰ عسکری اور سول حکام کی شرکت کی۔قومی سلامتی کمیٹی نے اس عزم کا اظہارکیا کہ حالیہ پُرتشددواقعات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ 9 مئی کادن تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا ،پاک فوج اور عوام یک جان دو قالب ہیں، فوجی اور سرکاری تنصیبات پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ۔

قوم سلامتی کمیٹی کا اجلاس تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہا جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور شرپسندی کے حالیہ واقعات کا جائزہ لیا گیا۔انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکاء کو بتایاکہ ملک میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پانچ ہزار سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔شرکاء نے نو مئی کے پُر تشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ذمہ داران کو قانون کے مطابق قرار واقعی سز ا د ی جائے گی ۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہاکہ 9 مئی کے دن کو تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، کسی کو بھی ملک کا امن اور استحکام داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے، کسی بے گناہ کو تنگ نہیں کیاجائے گا لیکن فوجی اور سرکاری تنصیبات پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،پاک فوج اور عوام یک جان دو قالب ہیں۔قومی سلامتی کمیٹی نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کے حالیہ آپریشنز پر بھی سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

Comments are closed.