اوورسیز پاکستانیز اور طلبہ انسداد کورونا ویکسین اور سرٹیفیکیٹ کیلئے رُل گئے

حکومتی اعلانات کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف نہ مل سکا، تارکین وطن ویکسین حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں۔ ملتان، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت مختلف شہروں میں تاحال ویکسی نیشن کا عمل شروع نہ ہو سکا۔

تعلیم، روزگار کے لئے بیرون ملک جانے کے خواہش مند پاکستانی ویکسی نیشن کروانے اور سرٹیفیکیٹ حصول کے لئے خوار ہو رہے ہیں حکومتی اعلانات کے باوجود مختلف شہروں میں بیرون ملک جانے والوں کیلئےویکسین لگانے کا عمل شروع نہیں ہوا، حکومت نے بیرون ممالک جانے والوں کو 21 مئی سے عمر کی حد میں رعایت دیتے ہوئے ویکسین لگانے کا اعلان کیا تھا۔

ابیٹ آباد اور مانسہر میں ویکسینیشن سینٹرز کے عملے کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں، تعلیم کے لئے بیرون ملک جانے والوں کو ویکسین لگانے کا تاحال کوئی نظام ہی نہیں بنایا گیا، اعلان تو کر دیا گیا ہے تاہم عملی طور پر کوئی ہدایت کسی بھی سینٹر کو موصول نہیں ہوئی۔

ملتان میں ویکسی نیشن کے مسائل اور سرٹیفکیٹ اجراء نہ ہونے پر بیرون ممالک ملازمت کیلئے جانے والوں نے محکمہ صحت کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا، مظاہرین ہاتھوں میں پاسپورٹ اٹھا کر شدید نعرے بازی کرتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کے معاملہ میں نا انصافی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

احتجاجی مظاہرین کا موقف تھا کہ ان کے ویزے زائد المیعاد ہو رہے حکومت مسئلے کا حل نکالے، کیونکہ سعودی عرب سمیت مختلف ممالک چینی ویکسین کو تسلیم نہیں کرتے اس لئے سائنو فارم کی جگہ ایسٹرا زینکا ویکسین لگائی جائے اور جلد از جلد ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ کا اجرا ممکن بنایا جائے۔

Comments are closed.