لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کورکمانڈرپشاور،لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

پاک فوج میں اعلیٰ عہدوں پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا سربراہ تعینات کردیا گیا۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دے دی ہے۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو  کورکمانڈر پشاور جبکہ ان کی جگہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیاہے،لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی ہوں گے ۔

میجر جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پرترقی دیکر ایڈجوٹینٹ جنرل جبکہ ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کر دیاگیاہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوراٹر ماسٹر جنرل اور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیاگیاہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کا پروفائل

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، وہ کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکشنل اسائنمنٹس کا متنوع تجربہ رکھتے ہیں، وہ کمبائنڈ آرمز سنٹریوکے، سٹاف کالج کوئٹہ، ایڈوانس سٹاف کورس یو کے، این ڈی یو اسلام آباد، اے پی سی ایس ایس یو ایس اے اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز یوکے سے فارغ التحصیل ہیں۔

نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے کنگز کالج لندن اور این ڈی یواسلام آباد سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی، ان کو روایتی اور ذیلی روایتی خطرات کے ماحول میں کمان کا وسیع تجربہ حاصل ہے، وہ مغربی سرحد اور ایل او سی پر کمانڈ کے علاوہ بلوچستان میں طویل خدمات انجام دے چکے، انہوں نے جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ، کرم ایجنسی اور ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کو کمانڈ کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان تعینات رہے، وہ پی ایم اے، اسٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر بھی رہے، سٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ رہے،5 کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے، تبادلے سے قبل آخری ذمہ داری کمانڈر 5 کور سندھ کے طور پر انجام دی، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم رنر،باسکٹ بال اور کرکٹ کھیلنے کے شوقین ہیں۔

Comments are closed.