ملک میں کورونا وباء کی خراب ہوتی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے فوج کو سڑکوں پر آنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وفاقی وزراء، متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، وزرائے اعلیٰ اور صوبائی حکام بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وفاق اور صوبوں کی جانب سے وبائی صورتحال پر قابو پانے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، انہوں نے انسداد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرہم نےاحتیاط نہ کی توچند دنوں میں وہ حالات ہونیوالےہیں جوبھارت میں ہیں، چین سے ویکسین مانگی ہوئی ہے،ماسک پہننےسے آدھامسئلہ حل ہوجاتاہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگراحتیاطی تدابیر اختیارنہ کی گئیں توشہروں کالاک ڈاؤن کرنا پڑے گا، جس کے منفی نتائج سامنے آئیں گے، دنیاکاتجربہ ہےلاک ڈاؤن سے سب سےغریب طبقہ پس جاتاہے،مجھے توآج لوگ کہہ رہےہیں کہ لاک ڈاؤن کردیں لیکن ہم مزدوراوردیہاڑی دارطبقے کا سوچ کر رکے ہوئے ہیں اورمکمل لاک ڈاؤن نہیں لگا رہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال رمضان المبارک میں کورونا کی پہلی لہر میں واحد پاکستان تھا جس نے مساجد بند نہیں کیں، افسوس سےکہنا پڑتاہے اس وقت کوئی احتیاط نہیں کررہا، ہم نے احتیاط نہ کی تولاک ڈاؤن کرناپڑے گا جس سےمعیشت کونقصان پہنچےگا، لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ دکانداروں اور دیہاڑی دار طبقے کو نقصان پہنچےگا۔
قوم سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ عوام کے رویئے کو دیکھتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج کو سڑکوں پر آنے کا کہہ دیا ہے، پاک فوج کے جوان ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پولیس اورامن قائم کرنےوالی فورسزکی مددکریں۔
Comments are closed.