اسلام آباد: ملک کی پہلی ڈیجیٹل اور مجموعی طور پر ساتویں مردم شماری کے ابتدائی نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ 66 ہزار743 نفوس پر مشتمل ہے۔مردم شماری میں توسیع سے 1 کروڑ70 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔
چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے مردم شماری کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہاکہ کراچی کی مردم شماری کے نتائج پر سیاست کی جا رہی ہے۔ گزشتہ مردم شماری کے مقابلے میں ملکی آبادی میں تقریبا 4 کروڑ 90 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔مردم شماری میں بار ،بار توسیع سے کراچی اور لاہور سمیت بڑے شہروں کی آبادی میں اضافہ ہوا ۔
انہوں نے بتایاکہ پنجاب کی کل آبادی 12 کروڑ، 74 لاکھ 74 ہزار 802 ،سندھ کی کل آبادی 5 کروڑ 79 لاکھ 31 ہزار 907 ،خیبرپختونخوا کی کل آبادی 3 کروڑ 58 لاکھ 23 ہزار 138 جبکہ بلوچستان کی کل آبادی 2 کروڑ 19 لاکھ 77 ہزار 474 ہے۔ وفاقی دار الحکومت اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 59 ہزار 422 ہے۔
ڈاکٹر نعیم الظفر کا کہنا تھا کہ مردم شماری کا نظام انتہائی شفاف تھا اوراس میں کوئی بھی ردوبدل نہیں کرسکتا۔ سیاسی جماعتوں سمیت زیادہ تر شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے ۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مانسہرہ کے برف پوش علاقوں کیساتھ روجھان، گھوٹکی اور کوہستان میں مردم شماری فیلڈآپریشن نہیں ہوسکا۔
Comments are closed.