نیوزی لینڈ نے سیکورٹی خدشات پر پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز منسوخ کردی

شائقین کرکٹ کے لیے بُری خبر، اٹھارہ سال بعد بھی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ان ایکشن نہ ہوسکی، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے مبینہ سیکورٹی خدشات کے باعث پاکستان کے ساتھ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز یکطرفہ طور پر منسوخ کر دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں مبینہ طور پر سیکورٹی خدشات کے باعث یکطرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ سیریز ملتوی کردی ہے۔ حالانکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان کی جانب سے مہمان ٹیم کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو ہر قسم کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جب کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈا آرڈرن سے رابطہ کر کے انہیں یقین دلایا تھا کہ پاکستان کا انٹیلی جنس نظام دنیا کے بہترین نظام میں سے ایک ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان میں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

نیوزی لینڈ کے سیکورٹی حکام نے ٹیم کی آمد سے قبل دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میچز شیڈول کے مطابق کرانے کا خواہاں ہے تاہم پاکستان اور دنیا بھر کے شائقین کرکٹ نیوزی لینڈ کے فیصلے سے بہت مایوس ہوئے ہیں۔

Comments are closed.