اسلام آباد : قومی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ نے چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں رواں سال اکتوبر تا نومبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے دورے منسوخ ہونے کے بعد ٹیم کا مورال بھی بلند کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے میگا ایونٹ کے لئے قومی کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی اور کرکٹ کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر فیصل جاوید اور معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم نے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سب سے پہلے اچھا انسان بننے کی نصیحت کی اور ان سے کہا کہ کہا پیسے کے بت کو توڑنا ہے کیوں کہ رزق اللہ دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ کرکٹ اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے کھیلنی ہے اور عزت و ذلت اللہ پر چھوڑ کر گراؤنڈ میں اچھا پرفارم کریں جب کہ مشکل وقت میں ہارنے سے نہیں گھبرانا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹیم میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو فیلڈنگ میں بہتری کی بہت ضرورت ہے جب کہ وزیراعظم نے باؤلرز کو ٹپس دیں کہ صرف اسکور نہیں بچانا بلکہ وکٹیں بھی لینی ہیں۔
Comments are closed.