اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پانچ ارب روپے امداد کی منظوری دی ،بھارت کی طرف سے پچاس ہزار میٹرک ٹن امدادی گندم بھی براستہ پاکستان افغانستان پہنچے گی ۔ وزیراعظم نے پشاورتاجلال آباد بس سروس بحالی کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے افغانستان کیلئے قائم بین الوزارتی رابطہ سیل کا دورہ کیا اور افغانستان سے متعلق ایپکس کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ،، مشیرخزانہ شوکت ترین،، مشیرقومی سلامتی معید یوسف سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔مشیرقومی سلامتی نے کمیٹی کو افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی ۔
افغانستان کے لیے حکومت پاکستان کے امدادی پیکیج میں 50ہزار میٹرک ٹن گندم، ادویات اور سردیوں کے لیے سامان شامل ہوگا۔ کمیٹی نے افغانستان سے درآمدات پر سیل ٹیکس میں کمی کی بھی اصولی منظوری دی ۔ اپیکس کمیٹی نے افغانستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان افغان باشندوں کی مدد کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ افغانی باشندوں کے لیے مفت کورونا ویکسینیشن جاری رہے گی ،علاج معالجے کے لیے ہندوستان میں پھنسے افغانیوں کی پاکستان کے راستے وطن واپسی میں مدد کی جائے ۔ کمیٹی نے افغان شہریوں کی سہولت کے لیے پاکستانی ویزہ کی زیادہ سے زیادہ تین ہفتوں میں اجراء کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پشاورتا جلال آباد بس سروس بحالی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
Comments are closed.