پاکستان نے بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی رحلت پراظہار افسوس اور بھارتی قابض فورسز کی جانب سے مرحوم کا جسد خاکی چھین کر لے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ اور مطالبہ کیا ہے کہ اس غیرانسانی رویئے پر عالمی برادری بھارت کا کڑا احتساب کرے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ تدفین کی تیاری کے دوران بھارتی قابض فورسز نے سری نگر میں سید علی شاہ گیلانی کے گھر چھاپا مارا، ان کے خاندان کو ہراساں کیا اور مرحوم کا جسد خاکی چھین کر لے گئیں، خاندان کے مطابق سید علی گیلانی کو سری نگر کے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کیا جانا تھا۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مرحوم حریت رہنما کا جسد خاکی قبضے میں لینے اور غیر انسانی رویے پر بھارت کا کڑا احتساب کیا جائے، بھارتی حکومت نے کہا سید علی گیلانی کی پسندیدہ جگہ پر تدفین کی اجازت نہیں دیں گے، بھارتی حکومت سید علی شاہ گیلانی کی موت کے بعد بھی ان سے خوفزدہ ہے۔
عاصم افتخار احمد کا کہنا یہ رویہ بھارتی قابض فورسز کے غیض و غضب، ظلم اور بربریت کا عکاس ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام سول، انسانی اقدار کو پامال کر رکھا ہے، بھارتی میڈیا سید علی گیلانی کی تدفین اور وادی میں کرفیو کے نفاذ کی خبریں دے رہا ہے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کے اس ناروا سلوک کا سخت نوٹس لے۔
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سید علی گیلانی کی رحلت پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور حق خودارادیت کی عمر بھر جدوجہد کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے، سید علی گیلانی طویل عرصہ گھر میں نظر بند رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر بھر انصاف اور آزادی کے حصول کی جدوجہد کرنے والے سید علی گیلانی کو قوم شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے، سید علی گیلانی کشمیر کاز پر غیرمتزلزل عزم سے ڈٹے رہے، بے پناہ ذاتی مشکلات ومصائب اور جبر واستبداد کا کوئی ہتھکنڈا ان کے آہنی عزم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ناجائز بھارتی قبضے اور جبرواستبداد کے خلاف سید علی گیلانی نے اپنی جدوجہد سے کشمیر کی تین نسلوں کو ایک نیا عزم و حوصلہ دیا، سید علی گیلانی استصواب رائے کی کشمیریوں کی تحریک کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے، سید علی گیلانی لمحہ بھر کے لئے بھی اپنی نظریاتی سمت سے کبھی غافل نہیں ہوئے۔
وہ اپنے قلب و روح کی پوری وابستگی کے ساتھ جائز و منصفانہ نصب العین پر کاربند رہے، پاکستان اور کشمیر سے ان کی بے مثال وابستگی اور محبت پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی یاد قابض بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف اہل کشمیر کے جذبے اور تحریک کو آگے بڑھاتی رہے گی،اللہ تعالیٰ ان کے درجاتِ بلند فرمائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کی مدد جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے قانونی حق کے حصول تک کشمیریوں کی ہرممکن مدد کرتا رہے گا۔
Comments are closed.