بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف نظرثانی اپیل کے حوالے سے پاکستان نے ایک بار پھر بھارت سے رابطہ کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق مودی سرکار اور کلبھوشن یادیو کو وکیل کرنے کی دوبارہ پیش کش کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر کلبھوشن یادیو کی سزا کے لئے نظرثانی کیس میں بھارتی جاسوس اور مودی سرکار کو وکیل کرنے کے لئے پیش کش کی ہے، تاہم حسب روایت تاحال بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا، پاکستان بھارتی جواب کا منتظر ہے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ 80 لاکھ کشمیری ایک سال سے اپنے گھروں میں قید ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے پر تمام ارکان بالخصوص چین کے شکر گزار ہیں، چین اور ترکی نے مسئلہ کشمیر پر بیانات جاری کئے، یورپ اور دنیا کے کئی ممالک میں کشمیریوں کیساتھ یکجہتی اور بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔
پاکستان نے سیاسی نقشہ جاری کیا جس میں کشمیر سے متعلق موقف کا اعادہ کیا گیا، اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہیں، سیاسی نقشے پر وزیراعظم اور وزیرخارجہ بات کر چکے ہیں۔جب سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) بنا ہے مسئلہ کشمیر اور فلسطین اس کے ایجنڈے پر ہیں، او آئی سی نے ہمیشہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا، بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغانستان سے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کےلیے پرعزم ہیں۔۔۔لبنان دھماکوں میں ایک پاکستانی بچہ بھی شہید ہوا۔۔دفتر خارجہ کے نئے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔
Comments are closed.