یوم دفاع پاکستان۔۔ ملک بھرمیں ملی اور قومی جوش و جذبہ عروج پر، شہداء کو خراج عقیدت

ملک بھر میں آج  یوم دفاع پاکستان قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یوم دفاع کی مناسبت سے علی الصبح وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز مساجد میں شہدا کیلئے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جب کہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں۔ یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ مزار قائد پر پاکستان ایئر فورس ( پی اے ایف) اصغرخان اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ان گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔

یوم دفاع و شہدائے پاکستان پر پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یادگار شہدا پر تقریب ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بھی یادگارشہدا پر یوم دفاع کی تقریب ہوئی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، تقریب کے آخر میں نیول چیف نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔

اس کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مختلف تقاریب منعقد کی گئیں جن میں جنگ ستمبر کے شہیدوں کو خراج عقیدت کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی عوام مادر وطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

Comments are closed.