پاکستان کا 74 واں یوم آزادی۔۔ ملک بھر میں خصوصی تقاریب، عوام کا بھرپور جوش و جذبہ

اسلام آباد: پاکستانی قوم آزادی کا جشن پروقار طریقے سے اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر ہرطرف سبز ہلالی پرچم کی بہار نظر آرہی ہے، عمارات، گلیوں اور گھروں کو برقی قمقموں، پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ وفاقی دارالحکومت میں اکتیس جبکہ چاروں صوبوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی استحکام، ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب ہوئی، اعزازی گارڈزنے مہمان خصوصی کی آمدپرسلامی پیش کی۔ قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ نیول کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے بابائے قوم کو سلامی پیش کی۔ مزار پر فاتحہ خوانی اور پھول چڑھائے گئے۔کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورمشتاق احمد نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔

لاہور میں شاہی مسجد کے احاطے میں واقع مزار اقبال پر بھی تبدیلی گارڈز کی تقریب ہوئی۔ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے مزار اقبال کی گارڈز تبدیلی کے فرائض سنبھال لئے۔  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔

یوم آزادی کے حوالے سے مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، جس میں مہمان خصوصی صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرچم کشائی کی، صوبائی دارالخلافوں، ڈویژنل اور ضلعی سیکرٹریٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں

گزشتہ رات بارہ بجتے ہی مختلف شہروں میں آتش بازی کی گئی، نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور رقص کیا۔ لاہور میں مینار پاکستان پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جسے دیکھنے کے لیے پہلے سے لوگوں کی بڑی تعداد اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود تھی۔ منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور بھنگڑے ڈالے۔

کراچی میں مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی اور قومی ترانے بجائے گئے۔ شہر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، نوجوانوں نے سی ویو کا رخ کیا جب کہ جگہ جگہ رک کر رقص کرنا شروع کردیا۔ اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی۔

Comments are closed.