نیوزی لینڈ دورہ منسوخی میں بھارت ملوث، پاکستان نے ثبوت دنیاکے سامنے رکھ دیئے

نیوزی کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ  کرانے میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، پاکستان نے ناقابل تردید شواہد دنیا کے سامنے رکھ دئیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیرداخلہ شیخ رشید کے ہمراہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے حوالے سے تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھیں،انہوں نے کہا کہ فیک نیوزکے پیچھے ریاستوں اور ایجنسیوں کا ہاتھ ہے، پاکستان کو ہائبرڈ وار کا سامناہے، انہوں نے بتایا کہ احسان اللہ احسان کے نام سے ایک فیس بک اکاؤنٹ بنا کر 19 اگست کو پوسٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم کو پاکستان کے دورہ سے روکتے ہوئے کہا گیا کہ داعش کیوی ٹیم پر حملہ کرسکتی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 21 اگست کو بھارتی اخبار سنڈے گارڈن کے بیوروچیف ابھی نندن مشرا نے احسان اللہ احسان کی اس جعلی فیس بک پوسٹ کی بنیاد پر آرٹیکل لکھا، جس میں نیوزی لینڈ ٹیم پر پاکستان میں ممکنہ حملے کا انکشاف کیا گیا، ابھی نندن مشرا اور پاکستان مخالف سابق افغان نائب صدر امر اللہ صالح کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں، 24 اگست کو مارٹن گپٹل کی بیوی کو تحریک لبیک کے نام سے بنے ای میل ایڈریس سے ایک ای میل ملتی ہے، جس میں لکھا تھا مارٹن گپٹل کو پاکستان میں قتل کردیاجائےگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ 24 اگست 2021 کو ہی یہ ای میل اکاؤنٹ بنایا گیا تھا اور اس ای میل اکاؤنٹ سے صرف ایک ہی میل مارٹن گپٹل کی بیوی کو بھیجی گئی، حالانکہ یہ ای میل پروٹون میل پر بنائی گئی جو کافی محفوظ ای میل ہے، تمام واقعات کے باوجود نیوزی ٹیم نے اپنا دورہ منسوخ نہیں کیا اور پاکستان پہنچ گئی، پہلی پریکٹس 13ستمبر کو کی گئی جس میں کوئی تھریٹ رپورٹ نہیں ہوا، 17 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بتایا کہ انہیں اپنی حکومت کی طرف سے تھریٹ سے آگاہ کیا گیا ہے، اس لیے اپنی حکومت کی ہدایت پر ہم یہ ٹور منسوخ کرنا چاہتے ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران کیوی ٹیم کے پاس گئے اور ان سے تھریٹ کے بارے میں پوچھا تو انہیں بھی کچھ نہیں پتہ تھا، وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو فون کرکے دورہ منسوخ کرنے کی درخواست کی جس پر جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ان کے پاس تھریٹ کی ٹھوس معلومات ہیں، جس کے بعد وہ ٹور منسوخ ہوگیا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ 18 ستمبر کو انٹرپول نے پاکستان کو بتایا کہ جی میل پرحمزہ آفریدی 7899 کے نام سے بنی ایک ای میل ملی ہے، جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو ای میل کے ذریعے دھمکی دی گئی تھی، یہ ای میل بھارت میں بنا اور جس ڈیوائس پر ای میل بنایا گیا اس کے 13 منٹ بعد اس سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکی آمیز ای میل کی گئی، وی پی این کے ذریعے یہ ای میل بھارت سے بھیجی گئی تھی، تاکہ بھارت کی بجائے اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہو۔

مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ڈیوائس سے ای میل جنریٹ ہوئی اس پر 13 مزید ای میل بنی ہوئی ہیں، وہ سب ای میل ہندی ناموں پر بنی ہیں، صرف ایک جعلی ای امیل حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی اور جان بوجھ کر اس ای میل پر پاکستانی نام استعمال کیا گیا ہے، یہ ای میل جس نمبر پر بنا وہ سم انڈین کے نام پر ہے، اس کا نام اوم پرکاش مشرا ہے جس کا تعلق ممبئی سے ہے، اگست 2019 میں یہ موبائل ڈیوائس بھارت میں لانچ کی گئی اور موبائل سم اگست 2019 میں بھارت میں رجسٹر ہوئیں، وزارت داخلہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور دونوں ای میل ہولڈرز کو انٹرپول کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے، یہ پوری سازش بھارت میں بنائی گئی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم دسمبر میں پاکستان آرہی ہے، ان کو بھی ابھی سے تھریٹ  دیا گیا ہے، یہ تھریٹ بھی انڈیا کی جانب سے ہی بھیجا گیا ہے، یہ پاکستانی کرکٹ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کا مسئلہ ہے، پاکستان کے خلاف سازشیں ہوتی آئی ہیں اور ہورہی ہیں، لیکن سب سازشیں ناکام ہوئیں اور پاکستان پہلے سے زیادہ ابھر کر سامنے ایا ہے، نیوزی لینڈ کی حکومت کو چاہیے کہ تھریٹ سے ہمیں آگاہ کرے تاکہ ہم اس کا خاتمہ کرسکیں۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی کے بارے میں فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی وی اسپورٹس سے کہا ہے کہ ٹور کی منسوخی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگائے اور ہم ای سی بی پر ہرجانے کا مقدمہ کریں گے۔ وزیر داخلہ شیخ نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی سے پاکستان دنیا میں تنہا ہو جائے گا، تو یہ اسکی بھول ہے، دورے کینسل کرنے کے معاملے کو زیادہ اچھالا نہ جائے، بھارت کے 66 ٹریننگ کیمپ افغانستان میں بند ہوگئے ہیں جس پر بھارت میں صف ماتم بچھی ہے۔

Comments are closed.