افغان کرکٹرز کی مبینہ ہلاکت، آئی سی سی کے الزامات پاکستان نے مسترد کر دیے

پاکستان نے افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں تین کرکٹرز کی مبینہ ہلاکت پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بیان کو جانبدارانہ اور قبل از وقت قرار دیتے ہوئے فوری تصحیح کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے کہا کہ آئی سی سی کا مؤقف غیر مصدقہ اطلاعات پر مبنی ہے اور اس سے عالمی ادارے کی غیر جانبداری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

پاکستان کا سخت مؤقف
پاکستان نے اتوار کو جاری اپنے سرکاری بیان میں آئی سی سی کے حالیہ مؤقف کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تین کرکٹرز کی ہلاکت سے متعلق دعوے کی کوئی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی، لیکن آئی سی سی نے اسے حقیقت کے طور پر پیش کیا۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے آئی سی سی سے فوری طور پر اپنے بیان کی درستی کا مطالبہ کیا ہے۔

 افغان کرکٹ بورڈ کا دعویٰ
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے جمعے، 17 اکتوبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ صوبہ پکتیکا میں ایک حملے کے دوران تین افغان کھلاڑی کبیر، سبغت اللہ اور ہارون مارے گئے، جب کہ پانچ دیگر افراد بھی جاں بحق ہوئے۔ اے سی بی نے الزام عائد کیا کہ یہ حملہ “پاکستانی انتظامیہ” کی جانب سے کیا گیا، اور اس کے نتیجے میں افغان بورڈ نے آئندہ ماہ پاکستان میں شیڈول سہ فریقی سیریز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

آئی سی سی کا مؤقف اور تنازعہ
اے سی بی کے بیان کے بعد آئی سی سی کے سربراہ جے شاہ نے ایکس (X) پر واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغان بورڈ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ تاہم، پاکستان نے اس بیان کو “جانبدارانہ” قرار دیا اور کہا کہ آئی سی سی نے بغیر کسی شواہد کے افغان موقف کو تسلیم کیا، جو غیر پیشہ ورانہ رویہ ہے۔

وزیر اطلاعات کا ردعمل
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے آئی سی سی کے متعصبانہ اور قبل از وقت بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو کسی ملک کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے اور غیر مصدقہ الزامات کو ثابت شدہ حقیقت کے طور پر پیش کرنا عالمی کھیلوں کے ادارے کے وقار کے منافی ہے۔

غیر جانبداری اور شفافیت پر زور
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ آئی سی سی، جے شاہ اور افغان کرکٹ بورڈ کے بیانات ایک منظم مہم کا حصہ دکھائی دیتے ہیں، جس سے ادارے کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیل کو سیاست سے آلودہ نہیں کیا جانا چاہیے اور آئی سی سی کو اپنی شفافیت اور غیر جانبداری فوری طور پر بحال کرنی چاہیے۔

پاکستان کا عالمی اپیل
پاکستان نے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کھیلوں کو سیاسی بیانیوں سے الگ رکھیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے کھیل کی عالمی ساکھ اور کھلاڑیوں کے مابین تعلقات کو نقصان پہنچے۔

Comments are closed.