پلواما حملے کے الزامات مسترد: بھارت جھوٹ سےدنیا کوگمراہ نہیں کرسکتا، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فروری 2019ء کے پلوامہ حملے سے متعلق ’’چارج شیٹ‘‘ مسترد کر دی، ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے بھارتی ایجنسی کا پاکستان مخالف بیانیے کو بڑھاوا دنیا بی جے پی حکومت کی مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک اور ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے جھوٹے الزام میں پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانا، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پاکستان مخالف بیانیے کو تقویت دینے اور خطے میں مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کی کوشش ہے۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ  بھارتی لوک سبھا کے انتخابات سے دو ماہ قبل پلوامہ حملہ کی ٹائمنگ ،مرکزی ملزم کا مارا جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ بھارتی انتخابات میں پلوامہ حملہ کا فائدہ کس نے اٹھایا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کے بنیاد الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پاکستان ٹھوس ثبوتوں کی فراہمی پر تعاون کرنے کی پیشکش بھی کرچکا ہے، لیکن بھارتی کوئی بھی ٹھوس ثبوت دینے میں ناکام رہا اور اس حملے کو پاکستان مخالف پراپیگنڈہ مہم کے طور پر استعمال کر ہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی لوک سبھا کے انتخابات سے محض دو ماہ پہلے پلواما میں دھماکہ، اس کے لئے بارودی مواد مقبوضہ جموں و کشمیر سے اکٹھا کیے جانے اور مبینہ طور پر حملے میں ملوث اہم ملزمان کا پہلے ہی بھارتی فوج کے ہاتھوں مارے جانے سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، دنیا جانتی ہے کہ اس حملے کا سب سے زیادہ فائدہ کسے حاصل ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بھارت کے ممکنہ جھوٹے آپریشن کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کرتا رہا ہے، پاکستان ایئرفورس بھارتی کے 26 فروری کی ناکام مہم جوئی کا منہ توڑ جوا ب دے چکی ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی کے باجود امن کی خاطر پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے اہلکار ابھینیندن کو چھوڑا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کی تحقیقات کیلئے پاکستان نے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی جس نے بھارتی حکام سے ٹھوس شواہد مانگے اور اس حوالے سے دوبار تحریری طور پر مزید ثبوت پیش کرنے کا کہا گیا لیکن بھارت نے اس حوالے سے کوئی شواہد نہیں دیئے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے لیکن بھارت دنیا کو اپنے جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے گمراہ نہیں کر سکتا۔

پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے فالس فلیگ آپریشن یا مہم جوئی کر سکتا ہے، ہندوستان میں ریاستی الیکشن قریب آتے ہی آر ایس ایس اور بی جے پی پاکستان مخالف منفی سوچ اور الزامات سے انتخابی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن دنیا بھارتی اقدامات کے علاقائی امن و استحکام پر پڑنے والے نتائج کو پیش نظر رکھے۔

Comments are closed.