ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ 16 مئی، تجارتی سرگرمیاں 17 مئی سے بحال کرنے کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے لاک ڈاؤن کے دوران حفاظتی تدابیر،ایس او پیز پر عمل درآمد کی صورت حال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے 16 مئی سے ٹرانسپورٹ سروس بحال اور 17 مئی سے مارکیٹس، تجارتی مراکز رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں این سی او سی کے کوآرڈینیٹر لیفٹننٹ جنرل حمودالزماں، معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل نے شرکت کی، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عید تعطیلات کے دوران ایس او پیز پرعملدرآمد کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

این سی او سی نے 17 کی بجائے 16 مئی سے انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ بحال کرنے کا فیصلہ کیا،ریل گاڑیاں 70 فی صد مسافروں کے ساتھ چلائی جائیں گی، جب کہ 17 مئی سے مارکیٹیں اور دکانیں رات 8بجے تک کھلی رہیں گی، مارکیٹوں اور دکانوں کے اوقات کار 17مئی سے تاحکم ثانی برقرار رہیں گے۔

این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق 17 مئی سے سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار معمول کے مطابق ہوں گے، دفاتر میں ملازمین کی 50فیصد حاضری کی اجازت ہوگی، پچاس فیصد عملہ گھر سے کام کرے گا، 19 مئی کے اجلاس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

این سی او سی نے اپیل کی کہ عوام کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کا حکم دیا، عوام کو ترجیحی بنیادوں پر 1166پر ویکسین کی رجسٹریشن کروا کر ویکسین لگوانے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

اس سے پہلے وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے صوبوں کو  23 مئی تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا مراسلہ جاری  کیا تھا ، مراسلے میں کہا گیا تھا کہ این سی او سی کے احکامات کی روشنی میں تعلیمی ادارے 17 سے 23 تک بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، مدارس، ووکیشنل اور ٹیکنیکل تعلیمی اداروں پر بھی ہو گا، صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق احکامات پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔

Comments are closed.