پاکستان کابل سے اغوا امریکی انجینئر کی بازیابی کیلئے مدد کرےگا، ترجمان پاکستانی سفارتخانہ

امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کی ترجمان ملیحہ شاہد کا کہنا ہے کہ کابل سے مبینہ طور پر اغوا کیے جانے والے امریکی شہری کی بازیابی کے لئے جاری کوششوں میں پاکستان ہر ممکن مدد کرے گا۔

امریکی خبر رساں ادارے اے بی سی سے بات کرتے ہوئے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی ترجمان ملیحہ شاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ نیک نیتی سے مغویوں کی بازیابی کے لئے کوششوں کی معاونت کی اور اس کے پیچھے کسی قسم کا مفاد یا دباؤ نہیں۔

خیال رہے کہ 58 سالہ امریکی انجینئر مارک فریریچس کو جنوری 2020 میں مبینہ طور پر کابل سے اغوا کیا گیا، جن کا تاحال کچھ سراغ نہیں مل سکا۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیسے جیسے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا وقت قریب آ رہا ہے، مارک فریریچس کی بازیابی کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔

ملیحہ شاہد نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ امریکی شہری کی پاکستان میں موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں تاہم پاکستان مارک فریریچس کو اہلخانہ سے سے دوبارہ ملوانے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی اور اخلاقی ذمہ داری کے طور پر افغانستان سے اغواء ہونے والے امریکی و دیگر غیر ملکیوں کی بازیابی کے لئے ہمیشہ کوششیں کیں۔

Comments are closed.